حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے گجرات میں پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ پریس کانفرس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالی نے وطن عزیز ماہ مبارک رمضان میں عطا فرمایا یہ اللہ تعالی کی نعمت اور ہدیہ الہی ہے جس کا جتنا شکر ادا کیا جائے، کم ہے۔
انہوں نے مزید کہا: شاید ہماری ناشکری کی وجہ سے اللہ تعالی ناراض ہے جو ہمارا ملک آئے روز بحرانوں کا شکار ہے۔ ہماری سیاسی قیادتوں کی نااہلی اور اقتدار کی رسہ کشی کی وجہ سے ملک اتنے بڑے سیاسی اور معاشی بحران کا شکار ہے۔ اللہ تعالی کا مقدس مہینہ ہے۔ آئیں ہاتھوں میں ہاتھ دیں، توبہ کریں، متحد ہوں تاکہ ہمارا دشمن مایوس ہو اور دوست خوش ہوں۔
علامہ عارف واحدی نے کہا: فلسطین اور کشمیر کے مسائل ہوں یا قبلۂ اول کی آزادی ہو، سب مشکلات کا حل ہمارےاتحاد میں ہے۔ اسرائیل اندر سے کھوکھلا ہو چکا ہے۔ ہم اگر مل کر فلسطینیوں کا ساتھ دیں تو وہ وقت دور نہیں جب ہم بیت المقدس میں فلسطینیوں کے ساتھ نماز ادا کریں گے۔
قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر جس طرح پاکستان کے تمام طبقات خاص کر علمائے کرام اور عوام نے مل کر پورے ملک میں پوری شان وشوکت کے ساتھ یوم القدس منا کر پوری دنیا کو پیغام دیا کہ ہم آمریکا و اسرائیل سے نفرت کرتے ہیں، وہ لائق تحسین ہے۔ ہم سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس پریس کانفرنس میں علامہ عارف حسین واحدی کے علاوہ علامہ اصغر یزدانی، علامہ سید اشتیاق حسین کاظمی، علامہ سید مبارک علی موسوی،صدر انجمن حسینیہ محترم جواد جعفری، سید الطاف کاظمی، علامہ محمد زمان حسینی، علامہ مختار نقوی، برادر عبداللہ رضا اور دیگر علماءکرام اور تنظیمی احباب بھی موجود تھے۔